ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 17 جولائی سے شروع ہونے کا امکان، زوردار ہنگامے کے آثار نمایاں

پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 17 جولائی سے شروع ہونے کا امکان، زوردار ہنگامے کے آثار نمایاں

Wed, 28 Jun 2023 22:27:14    S.O. News Service

نئی دہلی، 28/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) پارلیمانی اجلاس کو لے کر جلد ہی مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت والی سی سی پی اے کی میٹنگ ہوگی جس میں اجلاس کی تاریخ پر مہر لگے گی۔ لیکن ذرائع کے حوالے سے خبر سامنے آ رہی ہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 17 جولائی سے شروع ہونے کی امید ہے، جو کہ 10 اگست تک چل سکتی ہے۔ سی سی پی اے کی میٹنگ میں ان تاریخوں کے متعلق جلد ہی فیصلہ لیا جائے گا، لیکن ایک بات تو یقینی ہے کہ پارلیمانی اجلاس میں زوردار ہنگامہ دیکھنے کو ملے گا۔

پارلیمنٹ کی کارروائی ہنگامہ خیز ہونے کے کئی اسباب ہیں۔ ایک طرف تو دہلی حکومت میں افسران کے ٹرانسفر-پوسٹنگ کو لے کر لائے گئے آرڈیننس پر بحث ہوگی، اور دوسری طرف یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) کو لے کر دیئے گئے بیانات پر اپوزیشن پارٹیاں سوالات کھڑے کریں گی۔ چونکہ 2024 میں لوک سبھا انتخاب ہونا ہے، اس لیے اپوزیشن پارٹیاں پوری طاقت کے ساتھ برسراقتدار طبقہ پر حملہ آور ہوں گی۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ گزشتہ پارلیمانی اجلاس کی طرح آئندہ پارلیمانی اجلاس بھی ہنگامہ کی نذر ہو جائے گا، یا پھر مودی حکومت اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دے گی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس نئی عمارت میں ہونے کے آثار نمایاں ہیں۔ حالانکہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت پوری طرح تیار نہیں ہوئی ہے اور آخری مرحلہ کا کام جاری ہے، لیکن امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ نیا اجلاس شروع ہونے سے پہلے یہ مکمل ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ پی ایم مودی نے گزشتہ 28 مئی کو ہی نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کیا ہے۔ اس کے بعد سے امکان بڑھ گیا ہے کہ مانسون اجلاس نئی عمارت میں ہی منعقد کیا جائے گا۔


Share: